غزہ میں اسپتال پر حملے کیخلاف دنیا بھر میں زبردست احتجاج، استنبول میں اسرائیلی قونصلیٹ نذرآتش کردیا گیا

غزہ میں اسپتال پر حملے کیخلاف دنیا بھر کے مسلمانوں سراپا احتجاج بن گئے، استنبول میں اسرائیلی سفارتخانے کو نذر آتش کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسپتال پر حملے کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں میں اضطراب کی لہردوڑ گئی ہے اور اسرائیل کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ کے صوبہ مالاطیہ میں امریکی بیس کے سامنے ہزاروں ترک جمع ہوگئے اور نعرے لگاتے رہے، ہزاروں ترکوں نے رات بھر احتجاج کیا۔ استنبول میں مظاہرین نے اسرائیلی قونصل خانے کو آگ لگا دی جبکہ انقرہ میں بھی ہزاروں شہری سڑکوں پر نکلے اور اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے اسرائیلی سفیر کی ملک بدری کا مطالبہ کیا۔

اردن میں ہزاروں مظاہرین اسرائیلی سفارت خانے پر چڑھ دوڑے ، شدید غصے میں نعرے لگا رہے تھے۔ تیونس میں سڑکوں پر عوام کا سمندر نکل آیا اور اسرائیلی سفارتخانے کی جانب مارچ کیا اور نعرے لگاتے رہے۔

قطر کے دارالحکومت دوہا میں ہزاروں افراد فلسطین کا پرچم اٹھائےسڑکوں پرآئے اور لبیک یا اقصیٰ کےنعرے لگائے، ایران میں ملک بھر میں لوگوں میں شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا، مظاہرین اسرائیل اور فرانس کے سفارتخانے کے سامنے جمع ہوئے اور مرگ بر اسرائیل کے نعرے لگائے۔

برلن ، بیروت ، رام اللہ اور الخلیل ہر جگہ ہزاروں افراد سڑکوں پر تھے، سب کی زبان پر ایک ہی نعرہ تھا، اسرائیل کے خلاف غم و غصہ تھا۔ ہزاروں لبنانی مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے امریکی سفارت خانے کی باڑ پر فلسطینی پرچم بھی لہرا دیا۔ امریکی سفارتخانے کے باہر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی گئی۔
علاوہ ازیں دارالحکومت بیروت میں مظاہرین نے اقوامِ متحدہ کی عمارت پر بھی احتجاج کیا ، مظاہرین نے یو این کی عمارت کے باہر چوکی پر توڑ پھوڑ کی اور عمارت کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرے توڑ دیے۔ تیونس، مصر اور فرانس میں بھی اسرائیلی مظالم کیخلاف مظاہرے کیے گئے ، مصر نے غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے انسانی حقوق اور جنگی قوانین کی خلاف ورزیاں رکوانے کا مطالبہ کیا۔

فلسطینی شہر رام اللہ میں مظاہرین اور فلسطینی حکام کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا۔ امریکہ میں بھی سینکڑوں لوگوں نے وائٹ ہاؤس کے سامنے غزہ میں اسرائیل کے حملوں کے خلاف احتجاج کیا ہے جبکہ کولمبیا نے اسرائیلی سفیر کو ملک بدرکر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں