غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 31 مساجد شہید

غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں،7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری سے اب تک 31 مساجد شہید ہوچکی ہیں۔ غزہ میں فلسطینی وزارت مذہبی امور نے تصدیق کی ہےکہ اسرائیل کی جانب سے حملوں میں 31 مساجد شہید ہوئی ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی حملوں سے شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 4 ہزار 651 ہوگئی ہے، شہید ہونے والوں میں 40 فیصد بچے شامل ہیں۔ اسرائیلی حملوں سے غزہ میں 14 ہزار 245 سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں، غزہ کے زخمی فلسطینیوں میں 70 فیصد بچے اور خواتین شامل ہیں۔

اسرائیل نے غزہ میں حملے مزید تیز کرنےکا اعلان کرتے ہوئے ایک بار پھر فلسطینیوں کو غزہ کا شمالی علاقہ خالی کرکے جنوب کی طرف جانےکی دھمکی دی ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل حماس پر دباؤ بڑھانے کے لیے غزہ میں اپنے حملوں کو تیز کرےگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں