اسرائیل کی جانب سے غزہ میں نسل کشی جاری، شہید بچوں کی تعداد 2 ہزار سے متجاوز

مغربی طاقتوں کے ناجائز گٹھ جوڑ سے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں نسل کشی جاری ہے، مزید حملوں میں 436 فلسطینی شہید ہوگئے جن میں 182 بچے شامل ہیں،7 اکتوبر سے جاری حملوں میں شہید بچوں کی تعداد 2 ہزار 55 ہوگئی۔ اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے غزہ کہ الشاتی کیمپ پر رات گئے بمباری کی گئی جس میں 182 بچوں اور درجنوں خواتین سمیت 436 فلسطینی شہید ہوگئے۔

اس کے علاوہ خان یونس میں تین خاندانوں کے 23 افراد شہید ہوئے، الفلوجہ میں17 افراد سے جینے کا حق چھینا گیا تو دیر البلاح میں 10 افراد موت کی آغوش میں چلےگئے۔

بیت لاحیہ اور نوصائرت کیمپ پر بھی بمباری سسے 14 افراد شہید ہوگئے، شیخ رضوان کے علاقے میں گھر کے باہر بم گرنے سے فلسطینی صحافی جاں بحق ہوگیا، حالیہ جنگ میں شہید فلسطینی صحافیوں کی تعداد 20 ہوگئی۔

7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہدا کی تعداد 5 ہزار 200 سے زائد ہوچکی ہے، جس میں 2 ہزار 55 بچے اور 1100 خواتین شامل ہیں، کل زخمیوں کی تعداد 15 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جنہیں اسپتالوں میں دواؤں اور ایندھن کی قلت کے باعث مزید مشکلات کا سامنا ہے، غزہ میں 830 بچوں سمیت 1500 افراد لاپتا بھی ہیں جن کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں