قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ریاستی حل کے بغیر فلسطین میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے عالمی قوتوں سے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو ختم کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا فلسطینیوں کی زمین پر اسرائیل کے قبضے کو نظرانداز کرنے کے بعد اب قتل عام پر بھی خاموش ہے۔
مجلسِ شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر قطر نے مزید کہا کہ مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے اسرائیل کو قتل عام کی کھلی اجازت مل گئی اور وہ ننگی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ پر وحشیانہ بمباری کر رہا ہے۔ شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی جارحیت پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ خواتین اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔