مسجد حرام کے باب الفتح کے سامنے والے مینار کو کثیر دھاتی چمکتے ہلال سے مزین کر دیا گیا ہے۔ یہ مسجد حرام کے میناروں پر 13 ویں اور آخری ہلال کی تنصیب کا مرحلہ تھا جو تکمیل کو پہنچ گیا ہے۔
العربیہ اردو نیوز کے مطابق یہ مینار جس پر دھاتی ہلال نصب کیا گیا ہے یہ مسجد کے توسیعی پروگرام میں شامل عمارتی حصے میں ہے۔ ہلال کی لمبائی نو میٹر اور دو میٹر کی بنیاد پر کھڑے اس ہلال کی ساخت میں کاربن فائبر اور کندہ کیا گیا شیشہ بھی استعمال کیا گیا ہے۔ جبکہ اس کا اندرونی ڈھانچہ فولاد سے تیار کیا گیا۔ تاکہ مضبوطی اور استقامت کے ساتھ ہلال اپنی جگہ پر قائم رہ سکے۔
توسیعی منصوبے میں اونچی چھتوں کے ساتھ سنگ مر مر اور کندہ کیے گئے شیشے کا کام کیا گیا ہے۔ عربی خطاطی کے نمونے جن میں آیات قرآنی تحریر ہیں۔ یہ سب چیزیں مسجد حرام کے مجموعی حسن کا حصہ ہیں۔ تجریدی آرٹ سے مزین دیواریں، گنبد اور شیشے، سرامکس اور سفید پتھر سے بنی زییائش اس منصوبے میں شامل ہے۔