غزہ جنگ بندی قرارداد پر امریکی ویٹو اشتعال انگیزی ہے، محمود عباس کا سخت ردعمل

اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی سے متعلق قرارداد امریکا کی جانب سے ویٹو کیے جانے کو فلسطینی صدر محمود عباس نے اشتعال انگیزی قرار دے دیا۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی پر امریکی اقدام اشتعال انگیز اور غیر اخلاقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں، خواتین اور معمر افراد کے خون بہانے کا ذمہ دار امریکا ہے۔ فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ امریکی اقدام تمام انسانی اصولوں اور اقدار کی خلاف ورزی ہے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کیلئے پیش کی گئی قرارداد امریکا نے ویٹو کر دی۔ سلامتی کونسل میں پیش کی گئی غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کے حق میں 15 میں سے 13 ووٹ پڑے، برطانیہ ووٹنگ کے عمل سے باہر رہا، امریکا کی جانب سے قرارداد ویٹو کرنے پر متحدہ عرب امارات نے مایوسی کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں