22 مئی 2010ء امریکی شہر فلوریڈا میں ایک خوشگوار دن تھا۔ دھوپ نکلی ہوئی تھی لیکن ہوا بھی چل رہی تھی۔ موسم انتہائی مناسب تھا۔ بچے خوش تھے اور اچھل کود کررہے تھے۔ لازلو ہینیز (Laszlo Hanyecz) نے بچوں کو خوشخبری سنائی کہ آج انہیں گھر کا پکا کھانا نہیں کھانا پڑے گا بلکہ آج انہیں پیزا کھلایا جائے گا۔
بچے یہ سن کر بہت خوش ہوئے کہ آج پیزا پارٹی ہوگی۔ لازلو کے ذہن میں آج ایک نیا آئیڈیا آیا تھا، ایک ایسا کام جو اسے 10 برس بعد دنیا کے مشہور ترین افراد میں شامل کرنے کا سبب بننے والا تھا۔
لازلو کے پاس کمپیوٹر میں کئی ہزار بٹ کوائن موجود تھے، لیکن ان کے بدلے کچھ بھی خریدنا ممکن نہیں تھا، نہ آن لائن کوئی ایسی سہولت موجود تھی اور نہ ہی کسی دکان وغیرہ سے ان ورچوئل سکّوں کے بدلے کچھ خریدنا ممکن تھا۔ لیکن لازلو قسمت آزمانے کا فیصلہ کرچکے تھے، لہٰذا انہوں نے کرپٹو کرنسی کا شوق رکھنے والے افراد کی ایک ویب سائٹ پر اعلان کیا کہ
’میں اس شخص کو 10 ہزار بٹ کوائن دوں گا جو مجھے 2 بڑے پیزا گھر کی دہلیز تک پہنچائے گا۔ پیزا خواہ کسی دکان سے خریدے ہوگئے ہوں یا گھر میں بنے ہوئے ہوں، لیکن یہ معیاری اور بڑے ہونے چاہئیں تاکہ میں اگلے دن بھی کھا سکوں کیونکہ مجھے اگلی صبح بچا ہوا پیزا کھانا بہت پسند ہے۔ مجھے پیاز، مرچ، ٹماٹر اور کالی مرچوں سے بنے ہوئے معیاری پیزے پسند ہیں، اور مچھلی کی ٹاپنگ والا پیزا مجھے پسند نہیں ہے۔‘
اس اعلان کے تھوڑی ہی دیر بعد 19 سالہ طالبعلم جیریمی اسٹورڈیوینٹ (Jeremy Sturdivant) نے لازلو کو آفر کی کہ وہ انہیں پاپا جونز نامی پیزا فرنچائز سے 2 پیزے خرید کر دے سکتا ہے۔ لازلو نے فوری ہامی بھرلی اور 2 پیزا کے بدلے 10 ہزار بٹ کوائن اس صارف کو ٹرانسفر کردیے۔
لازلو اور اس کی فیملی نے جی بھر کر پیزا کھائے اور خوشی منائی۔ یہ بٹ کوائن کے آغاز کا زمانہ تھا اور ان 10 ہزار بٹ کوائن کی قیمت محض چند ڈالر تھی، لیکن 10 برس بعد بٹ کوائن نے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے بلندیوں کو چھوا تو ایک بٹ کوائن کی قیمت 65 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی، یوں وہ 2 پیزے جو 10 ہزار ڈالر میں خریدے گئے تھے، لازلو کو پاکستانی روپوں میں 80 ارب سے زیادہ کے پڑے۔
یہ ایک ایسی بات تھی جس کا پچھتاوا ہمیشہ ہمیشہ کے لیے لازلو کی زندگی کا حصہ بن گیا، لیکن اس کے ساتھ ہی وہ بٹ کوائن کے ذریعہ خریداری کرنے والے دنیا کے پہلے آدمی بن گئے اور یہ ان کی وجہ شہرت بھی بن گئی۔ اسی واقعہ کی یادگار کے طور پر 22 مئی کو پیزا بٹ کوائن ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔