’یہ بسکٹ اپنے ساتھ جنت میں لے جانا‘، اسرائیلی بمباری میں شہید بچے کے والد کی ویڈیو وائرل

(ایجنسیز) غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں شہید ہونے والے ایک بچے کے دل شکستہ باپ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کفن میں لپٹے مرحوم بیٹے کو آخری سفر پر روانہ کرنے سے قبل اسے ’بسکٹ‘ دے رہے ہیں۔ مشرقی وسطیٰ پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ مڈل ایسٹ آئی کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ باپ اپنے مرحوم بیٹے کے ہاتھ میں بسکٹ دیتے ہوئے زاروقطار رو رہے ہیں۔

والد فلسطینی زبان میں اپنے بیٹے کو پکارتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’میرے پیارے بیٹے! یہ میں تمہارے لیے لایا تھا، یہ اپنے ساتھ جنت میں لے جانا۔‘ باپ روتے ہوئے اپنے بیٹے کے ہاتھ اور بسکٹ کو کفن کے نیچے رکھنے کی کوشش کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’میں اسے یہاں رکھ لیتا ہوں، اسے اپنے پاس رکھو۔‘

ایک باپ کی مرحوم بیٹے کے ساتھ گفتگو کرنے کی دردناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، حالیہ اسرائیلی بمباری میں انہوں نے اپنی اہلیہ اور بیٹے کو کھو دیا تھا۔ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں تقریباً 22 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں