ہندوستان نے کوویڈ ویکسن کی تیاری کے ذریعہ سائنسی میدان میں خودانحصاری کا اعلان کیا، تلنگانہ سائنس فیئر اکیڈیمی کے سونیئر کی رسم اجراء

حیدرآباد (پریس نوٹ) انسان کواپنی زندگی میں سادگی کواپناناچاہئے۔ موسمی پھلوں کا استعمال کرناچاہئے جوقدرت کا تحفہ ہوتے ہیں۔ آج کل بچوں میں فاسٹ فوڈکھانے کا رحجان تیزی سے بڑھ رہا ہے جس سے ان کی صحت پربرا اثرپڑتا ہے جو بے حد نقصاندہ ہے۔ اس لئے ہم کوابتداء سے ہی بچوں کوگھرکاکھانا کھلانا چاہئے۔روزانہ ورزش کواپنی زندگی کاحصہ بنانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار نہروآڈیٹوریم مدینہ ایجوکیشن سنٹر میں تلنگانہ سائنس فیئراکیڈیمی کے سونیئر کی رسم اجراء انجام دیتے ہوئے مہمان خصوصی ڈاکٹر کے راجندر (سائنسداں، آئی سی ایم آر) نے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہندوستان نے چوبیس گھنٹوں کے اندر کوویڈ فارمولہ تیار کرتے ہوئے سائنسی میدان میں اپنی خودانحصاری کوثابت کردیا ہے۔ آج وہ اپنے بل بوتے پرتیزی سے مختلف ویکسن تیار کررہا ہے جس سے ساری دنیا کے لوگ استفادہ کررہے ہیں جو ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔

عزیزالرحمن نے صدارتی خطاب میں کہاکہ پچھلے سال ڈسمبر میں منعقدہ سولہویں ریجنل سائنس فیئر میں پیش کردہ تحقیقی مقالوں کو جمع کرتے ہوئے اسے سونیئر کی شکل دی گئی تھی جس کی آج قومی یوم سائنس کے موقع پر رسم اجراء عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پرسرسی وی رامن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تلنگانہ سائنس فیئر اکیڈیمی کی مختلف سرگرمیوں پرروشنی ڈالی اورکہاکہ ہم ہرسال پابندی سے ریجنل سائنس فیئر منعقد کرتے ہیں اورساتھ ہی ساتھ مختلف سرگرمیاں جیسے سمینارس،ورکشاپ،ویبنار وغیرہ کے انعقاد کے ذریعہ ہم طلبہ اوراساتذہ کوسائنسی تعلیم کی طرف رحجان پیدا کرنے کیلئے کوششیں کرتے رہتے ہیں۔

مہمان اعزازی پروفیسر رضا اللہ خان(ڈائرکٹر فاصلاتی تعلیم،مانو) نے بچوں پرزوردیاکہ وہ اپنی تحقیقی کاموں کو رجسٹرڈکروائیں تاکہ وہ تحقیق ان کے نام سے موسوم رہے اوران کوپہچان ملے۔ انہوں نے کہاکہ سائنس فیئراکیڈیمی جوایک رضا کار تنظیم ہوتے ہوئے اس قدر نوجوانوں کوسائنس سے جوڑنے کیلئے کام کررہی ہے جو قابل مبارک باد ہے۔ ڈاکٹرسارہ ناہید اورنسرین فاطمہ نے سونیئر کے بارے میں تفصیلات بیان کیں۔پچھلے سال ڈسمبر میں منعقدہ سولہویں سائنس فیئر کے فاتحین جونیشنل سائنس فیئرمیں شرکت کیلئے چینائی گئی تھے انہوں نے وہاں بھی عمدہ مظاہرہ کیا اورانعامات حاصل کئے ان کو بھی اس موقع پر تہنیت پیش کی گئی۔

ڈاکٹر پربھاکر گندھاری (نائب صدر،تلنگانہ سائنس فیئراکیڈیمی) نے خیرمقدمی خطاب کیا۔ نظامت کے فرائض سید آصف نے انجام دیئے۔ اس موقع پر بورڈ ممبران دھرمیندر راؤ، سلطان محی الدین شریف، کلپنا کالوری اوردیگرموجودتھے۔ پروگرام کنوینرس غفورالنساء،سدھاسرینواس اورسمرین سلطانہ نے انتظامات میں حصہ لیا۔ڈاکٹرعارف الدین محمد نے شکریہ کے فرائض انجام دیئے۔ اس موقع پر مختلف اسکولس کے طلبہ،اساتذہ اوردیگرموجودتھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں