دہلی پولیس نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کے پرسنل سکریٹری پی مادھاون کے خلاف ایک 26 سالہ خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی و مجرمانہ طور پر دھمکی دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ایک خاتون نے سونیا گاندھی کے 71 سال کے پرسنل سکریٹری مادھاون کے خلاف اسے نوکری دینے اور شادی کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے جنسی زیادتی کا الزام عائد کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی۔
پولیس نے بتایا کہ 25 جون کو اتم نگر پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت موصول ہوئی جس کے بعد تعزیرات ہند کی دفعہ 376 (عصمت دری) اور 506 (مجرمانہ دھمکی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور اس معاملہ کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
ایک اور اطلاع میں بتایا گیا کہ خاتون کے شوہر کی 2020 میں موت ہوگئی تھی تاہم اس کا شوہر کانگریس پارٹی کے دفتر میں کام کیا کرتا تھا۔ وہ کانگریس رہنماؤں کے ہورڈنگز و پوسٹر چسپاں کیا کرتا تھا۔