حیدرآباد (دکن فائلز) بیوروکریٹس سکھبیر سنگھ سندھو اور گیانیش کمار کو الیکشن کمیشن آف انڈیا کے پینل میں الیکشن کمشنر کے دو خالی عہدوں کے لیے منتخب کیا گیا ہے، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے آج کہاکہ عام انتخابات سے قبل الیکشن کمشنرز کے پنل میں صرف ایک الیکشن کمشنر راجیو کمار ہی رہ گئے تھے، جس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں بنائے گئے پینل نے خالی دو عہدوں کےلئے سکھبیر سنگھ سندھو اور گیانیش کمار کو نئے کمشنرز کے طور پر منتخب کیا ہے۔ اس اجلاس میں پی ایم مودی کے علاوہ اپوزیشن لیڈر ادھیر رنجن چودھری اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے شرکت کی۔
تاہم، ادھیر رنجن سلیکشن کمیٹی میں چیف جسٹس آف انڈیا کو تبدیل کرنے اور ان کی جگہ ایک مرکزی وزیر کو شامل کرنے پر مرکز سے ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس پینل میں اکثریت ہے اور وہ جو چاہتے تھے وہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل رات 212 ناموں پر غور کرنے کےلئے دیئے گئے تھے تاہم کل رات دہلی پہنچتے ہی اچانک اجلاس کی اطلاع دی گئی اور دوسرے روز منعقدہ اجلاس میں انہیں 6 ناموں کی مختصر فہرست حوالے کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اکثریت تھی اس لئے انہوں نے اپنے مطلوبہ امیدواروں کو کمشنر مقرر کردیا۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ یہ یک طرفہ کاروائی نہیں ہے لیکن جس طریقہ کار پر عمل کیا جا رہا ہے اس میں خامیاں ہیں۔


