(ایجنسیز) معروف امریکی ریپر اور پروڈیوسر لِل جون نے ماہِ رمضان میں اسلام قبول کرلیا۔ میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریپر اور پروڈیوسر لِل جون نے امریکی شہر لاس اینجلس کی مسجد کِنگ فہد میں 15 مارچ جمعے کے روز نمازِ جمعہ سے قبل اسلام قبول کیا۔ لِل جون کو سوشل میڈیا پر وائرل میں کلمۂ شہادت پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے انہوں نے امام مسجد کی رہنمائی میں عربی اور انگریزی زبان میں کلمۂ شہادت پڑھا۔
جون نے گزشتہ ہفتے 15 مارچ کو کیلیفورنیا میں واقع کنگ فہد مسجد میں سیکڑوں افراد کے سامنے کلمہ پڑھ کر دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔ لِل جون کو سوشل میڈیا پر مسلمانوں کی جانب سے دائرہ اسلام میں داخل ہونے پر مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں۔ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اس حوالے سے امریکی ریپر لِل جون نے ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے لکھا کہ ’الحمد للّٰہ، ان تمام بہن بھائیوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے لیے مثبت پیغامات بھیجے اور بے لوث محبت کا اظہار کیا ‘۔
لِل جون 1972ء میں امریکی ریاست جورجیا کے شہر اٹلانٹا میں پیدا ہوئے اور ان کا اصلی نام جوناتھن ایچ سمتھ ہے، 2000 کی دہائی کے آغاز میں ہپ ہاپ میوزِک کی نئی اقسام کو فروغ دینے میں اپنے اہم کردار کے لیے شہرت حاصل کی۔