(ایجنسیز) غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کے 165 روز مکمل ہوگئے، غزہ سے فلسطینی میڈیا آفس نے اعداد و شمار جاری کر دیے۔ جس کے مطابق 7 اکتوبر سے اسرائیل نے فلسطینیوں کیخلاف 2807 مرتبہ اجتماعی نسل کشی کا ارتکاب کیا۔ فلسطینی میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی جنگی جرائم پر مبنی حملوں میں 38 ہزار 819 فلسطینی شہید اور لاپتہ ہو گئے۔
غزہ کے اسپتالوں میں 31 ہزار 819 شہید فلسطینیوں کی لاشیں لائی گئیں۔ فلسطینی میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث 14 ہزار بچے اور 9 ہزار 220 خواتین شہید ہوچکی ہیں۔ اسرائیلی وحشیانہ بمباری میں شہدا میں 72 فیصد بچے اور خواتین شامل ہیں۔ فاقہ کشی کے باعث اب تک 27 بچے شہید ہوچکے ہیں، جبکہ 135 صحافی، 364 طبی کارکنان اور 48 فائر بریگیڈز عملے کے ارکان شہید ہوئے۔
فلسطینی میڈیا آفس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں لاپتہ افراد کی تعداد 7 ہزار سے زائد ہے۔ 27 ہزارسے زائد بچے اپنے والدین یا ان میں سے ایک سے محروم ہوگئے۔ 11 ہزار سے زائد زخمی تشویشناک حالت کے سبب بیرون ملک علاج کے منتظر ہیں۔ وسیع پیمانے پر نقل مکانی کے باعث 7 لاکھ فلسطینی متعدی بیماریوں اور 8 ہزار سے زائد ہیپاٹائٹس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی فورسز نے 265 طبی کارکنوں اور 10 صحافیوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں 168 سرکاری عمارتیں، 100 اسکول اور 32 اسپتال مکمل تباہ ہوگئے، 224 مساجد، 3 گرجا گھر کے علاوہ 70 ہزار رہائش گاہیں مکمل تباہ ہوگئیں۔