تلنگانہ کے حیدرآباد میں ایک بھائی نے اپنی بہن کی شادی پر مرحوم والد کے مجسمے کو تقریب میں لا کر سب کو حیران کردیا جبکہ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
ہر بیٹی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی شادی کے دن والد اس کے ساتھ ہوں لیکن والد کے انتقال کی وجہ سے کچھ بیٹیوں کی یہ خواہش پوری نہیں ہوتی۔
اطلاعات کے مطابق حیدرآباد میں ایک بھائی نے بہن کی شادی میں اُسے ایسا حیران کن تحفہ دیا جسے دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔ گذشتہ ماہ جون کو حیدرآباد میں ایک شادی کے دوران سب اس وقت حیران رہ گئے جب ایک سال قبل کورونا کی وجہ سے انتقال کر جانے والے دلہن کے والد کو بیٹی کی شادی میں بیٹھے ہوئے دیکھا گیا۔
ہوا کچھ یوں کے بہن کی شادی میں والد کی کمی پوری کرنے کیلئے بھائی پھانی کمار نے اپنے والد کا موم کا مجسمہ بنوایا اور اسے شادی کی تقریب میں لاکر رکھ دیا۔
والد کے مجسمے کو دیکھ کر دلہن سمیت سب گھر والے حیران اور جذباتی ہوگئے۔اسی دوران بیٹی اور والدہ نے اپنے آنجہانی والد اور شوہر کے مجسمے کے ہمراہ تصاویر بنوائیں۔ موم کا مجسمہ اس مہارت سے بنایا گیا تھا کہ اُسے دیکھ کر یہ کہنا مشکل ہورہا تھا کہ یہ سچ مچ کے انسان نہیں ہیں جبکہ اسے شادی کی مناسبت سے اچھے کپڑے بھی پہنائے گئے تھے۔
پھانی کمار کے مطابق والد کا مجسمہ کرناٹک سے بنوایا گیا اور یہ ایک سال کے اندر مکمل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ والد گزشتہ سال کورونا کی دوسری لہر کے دوران وبا میں مبتلا ہونے کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔
تاہم بہن کو اپنی شادی میں والد کی کمی محسوس نہ ہو اس لیے میں نے ان کا موم کا مجسمہ بنوانے کا فیصلہ کیا۔