ملت کی ہونہار بیٹی: بہار میٹرک امتحانات میں کسان کی بیٹی فاطمہ نثار نے ریاست بھر میں ساتواں مقام حاصل کیا

(ایجنسیز) بہار بورڈ کے میٹرک امتحانات میں گوپال گنج کے کسان کی بیٹی فاطمہ نثار نے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ فاطمہ نے 482 نمبر حاصل کر کے ریاست بھر میں ساتواں مقام حاصل کیا۔ قومی آواز کی رپورٹس کے مطابق بہار بورڈ نے اتوار کو میٹرک امتحان کا نتیجہ جاری کر دیا۔ اس بار بورڈ نے 51 ٹاپروں کی فہرست جاری کی ہے۔ اس میں گوپال گنج کے ایک کسان کی بیٹی فاطمہ نثار بھی شامل ہے۔ اس نے کل 482 نمبر حاصل کر کے پوری ریاست میں ساتواں مقام حاصل کیا ہے۔

تھاوے بلاک کے میر علی پور گاؤں کے رہائشی نثار احمد کی بیٹی فاطمہ ڈی اے وی ہائی اسکول کی طالبہ ہیں اور وہ شروع سے پڑھائی میں اچھی ہیں۔ والدہ آمنہ خاتون نے بتایا کہ ان کی پانچ بیٹیاں ہیں۔ منجھلی بیٹی فاطمہ کا ٹیلنٹ دیکھ کر اسکول کے اساتذہ نے پہلے ہی اندازہ لگا لیا تھا کہ وہ بورڈ کے امتحانات اچھے نمبروں سے پاس کرے گی۔

بورڈ نے اتوار کو جب بہار نتائج جاری کیے تو فاطمہ اور اس کے خاندان کے لوگ نتائج دیکھ کر پھولے نہیں سمائے۔ اسکول ٹیچر وجے آریہ نے گھر پہنچ کر فاطمہ کو مبارکباد دی۔ جبکہ پرنسپل اجے آریہ نے کہا کہ اس سے پہلے بھی اسکول نے بورڈ کے امتحانات میں بہتر نتائج دے کر ریکارڈ قائم کیا ہے۔

فاطمہ نثار نے بتایا کہ وہ ڈاکٹر بن کر ملک کے غریبوں کی خدمت کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے بورڈ کے امتحانات میں اپنے بہتر نتائج کا سہرا اپنے والدین اور اساتذہ کے سر باندھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں