ہزار مہینوں سے افضل رات، لیلتہ القدر آج ملک بھر میں منائی جائے گی

حیدرآباد (دکن فائلز) لیلۃ القدر، ہزارمہینوں سےافضل رات، رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سب سے فضلیت والی رات آج ستائیسویں شب نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ ملک بھر میں منائی جائے گی۔ لوگ رات بھر گھروں اور مساجد میں لیلة القدرکی تلاش میں نوافل ادا کریں گے۔

خواتین گھروں اور مرد حضرات مساجد میں رات عبادت میں گزاریں گے، نماز تراویح میں قرآن سنانے والے حفاظ کرام کی گلپوشی کی جائے گی، مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی، مساجد میں عبادت گزاروں کیلئے سحری کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔ مساجد میں نماز تراویح میں ختم قرآن کے اجتماعات منعقد ہوں گے، علما، آئمہ خطباء شب قدر کے فضائل بیان کریں گے، بخشش و مغفر ت، عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ لیلۃ القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، لیلۃ القدر میں عبادت کا ثواب ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔

لاکھوں مسلمان اس رات اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر نوافل کی ادائیگی اور قرآن پاک کی تلاوت و دیگر عبادات میں مصروف رہتے ہیں اور رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی کے ساتھ ساتھ قوم و ملک کی ترقی کےلئے دعا کریں گے۔ اس موقع پر فلسطینی مسلمانوں کےلئے بھی خاص دعائیں کی جائیں گی-

اپنا تبصرہ بھیجیں