فرقہ پرستوں کیخلاف ووٹوں کا استعمال سماج کے تمام طبقات کے لئے نیا سورج ثابت ہوگا: مولانا عبدالقوی کا بیان

حیدرآباد (پریس نوٹ): حیدرآباد دکن کے ممتاز و مایہ ناز عالم دین مولانا محمد عبدالقوی نے ہندوستان بھر میں ابھی 5 مرحلوں میں ہونے والی راۓ دہی میں بھر پور حصہ لینے اور ہر گھر سے تمام ووٹوں کے استعمال پر زور دیتے ہوئے خواتین سے بھی اپیل کی کہ وہ صبح کے اولین وقت میں ووٹ ڈال دیں۔ مولانا عبدالقوی نے اس سلسلہ میں بتایا کہ اب 7- مئ منگل کے علاوہ 13- مئی پیر ‘ 20 مئی پیر ‘ 25 مئی ہفتہ اور یکم جون ہفتہ2024ء کو ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں پارلیمانی راۓ دہی ہوگی ملک بھر میں منعقد ہونے والی اس راۓ دہی کے ذریعہ عوام اپنے حلقہ کے رکن پارلمینٹ کو منتخب کریں گے اور اس الکشن میں جس پارٹی کے زیادہ امیدوار منتخب ہوں گے، اس پارٹی کا منتخب امیدوار وزیر اعظم بھی ہوگا۔

مولانا عبدالقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک بھر میں اس وقت گرمی کی شدید لہر ہے لیکن اس کے باوجود ہم سب کو اپنے حق راۓ دہی سے استفادہ کرنا اور ووٹ ڈالنا ضروری ہے مولانا نے کہا کہ یہ حقیقت ہے اور دیکھنے میں بھی آتا ہے کہ دھوپ کی شدت کے باوجود راۓ دہندوں کے لٰئے مناسب انتظامات نہیں کئیے جاتے جس کی وجہ سے ضعیف العمر اصحاب وخواتین کو اپنی باری کے لئیے موسم کی مصیبت برداشت کرنا پڑتا ہے مولانا نے راۓ دہندوں سے اپیل کی کہ وہ دھوپ سے حفاظت اختیار کرتے ہوۓ اپنے ووٹ کا لازمی طورپر استعمال کریں کیونکہ یہ انتخابات اب ملک میں عوام کی خوشحالی اور بد حالی اور بالخصوص مسلم اقلیت کے لئے نیا سورج ثابت ہوں گے۔

مولانا نے کہا کہ چند افراد اور جماعتوں کی وجہ سے ملک کی یکجہتی ‘ امن ‘ سکون اور سالمیت کو خطرہ پیدا ہوگیا ہے اور وہ یہ نہیں چاہتے کہ ملک کے تمام طبقات کے عوام مل جل کر اور آپسی اتحاد واتفاق کیساتھ خوش وخرم رہیں مولانا نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت نے جس طرح سے عام عوام کو پریشان کررکھاہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں گزشتہ دس برسوں سےغریب عوام کافی پریشان ہیں ہر دن بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے یہ کتنی حیرت کی بات ہے کہ اگر عام اور غریب آدمی غلطی کرے تو اسے جیل بھیجدیا جارہا ہے اور کڑورپتی سیاستدانوں نے عوام اور خود حکومت کو چونا لگایا لیکن وہ آزادانہ طورپر گھوم رہے ہیں اب ملک کے عوام کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ راۓ دہی کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوۓفرقہ پرست اور قوم دشمن جماعت اور اس کے امیدواروں کو بڑے پیمانہ پر ناکامی کا مزہ چکھائیں۔

مولانا نے کہا کہ موجودہ بی جے پی مرکزی حکومت نے دوبارہ منتخب ہونے کی صورت میں مسلمانوں اور ہندوؤں کے مختلف طبقات کو پریشان کرنے کا ارادہ کرلیاہے بالخصوص مسلم اقلیت کوآئندہ حق راۓ دہی سے محروم کردینے کے منصوبوں کے علاوہ دینی مدارس اور مساجد سے بھی متعلق نہایت خطرناک منصوبے بنالئے گئے ہیں بی جے پی ‘ سماج کے مختلف طبقات کے نوجوانوں کو مذہب اسلام اور مسلمانوں کیخلاف غلط باور کروارہی ہے لیکن خدا کا شکر ہے کہ نوجوانوں کی اکثریت نے اس غلط پروگنڈہ سے اپنے آپ کو دور رکھا ہے مولانا نے مردوخواتین سے اپیل کی کہ وہ ملک کے نازک حالات کو سمجھیں اور اپنے تمام ووٹس کا نہ صرف استعمال کریں بلکہ دوسروں کو بھی لازمی طورپر ترغیب دیں ہر ریاست کے نوجوان بھی اس ووٹ بیداری مہم چلائیں راۓ دہی کے دن مراکز راۓ دہی تک پہنچنے کے لئے رہنمائی کریں اور فرقہ پرستوں کے خلاف ووٹ دینے پر زور دیں۔

مولانا نے مشورہ دیا کہ راۓ دہی سے ایک دن قبل رات میں جلد آرام کریں اور راۓ دہی کے دن اول وقت پولنگ بوتھ پہنچ جائیں انتخابی عملہ سے اچھا برتاؤ کریں کیونکہ یہ لوگ راۓ دہی سے 48 گھنٹے قبل ہی متحرک ہوجاتے ہیں یہ اپنا نیند چین گھر بار چھوڑکر اپنے گھروں سے کافی دور جاکر پولنگ کی ڈیوٹی انجام دیتے ہیں بالخصوص خواتین کو تو بڑے ہی صبر آزما مراحل سے گزرنا پڑتا ہے مولانا عبدالقوی نے راۓ دہی ہونے والی تمام ریاستوں کی جماعتوں اور عوامی خدمت انجام دینے والی تنظیموں اور نوجوانوں سے خواہش کی کہ وہ بھی الکشن سے قبل پولنگ بوتھ پر بنیادی سہولتوں کا خود جائزہ لیں دھوپ سے بچاؤ کے انتظامات پر خصوصی توجہ کے ساتھ پینے کاپانی اور راۓ دہندوں کو اپنی باری کے آنےتک بیٹھنے کا انتظام کریں اگر چیکہ یہ انتظامات ہوتے ہیں لیکن راۓ دہندوں اور انتخابی عملہ کو نامناسب انتظامات اور سہولیات کی شکایات ہمیشہ رہتی ہیں وقتی طور پر سب ہی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں لیکن دوسری بار پھر سے وہ شکایات باقی و برقرار رہتی ہیں اسی لئے ان باتوں پر قبل از وقت توجہ دی جاۓ تو بہتر ہوتا ہے-

اپنا تبصرہ بھیجیں