حماس نے قطر، مصرکا تجویزکردہ جنگ بندی معاہدہ قبول کرلیا، رفح میں فلسطینیوں کا جشن، اسرائیل کے جواب کا انتظار

(ایجنسیز) غزہ جنگ بندی معاہدے کی کوششوں کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، حماس نے جنگ بندی معاہدے کی تجاویز منظور کرلیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تجاویز اور معاہدے کی تفصیل ابھی نہیں بتائی گئی۔

حماس نے کہا ہے کہ معاہدے کی تجاویز منظور کرنے کا قطری اور مصری ثالث کاروں کو بتا دیا۔ معاہدے کے لیے گیند اب اسرائیل کے کورٹ میں ہے۔ جنگ بندی معاہدے کی تین مرحلوں پر مشتمل جنگ بندی شامل ہے، ہر مرحلہ 42 دنوں کا ہوگا، پہلے مرحلےمیں اسرائیلی فوج شمالی و جنوبی غزہ کی درمیانی راہداری سے نکل جائے گی، دوسرے مرحلےمیں اسرائیلی فوجی آپریشن کا مکمل خاتمہ اور فوج کا انخلا شامل ہے جبکہ تیسرے مرحلے میں غزہ کے محاصرے کا خاتمہ شامل ہے۔

اسمعیل ہانیہ نے قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی اور مصری وزیر برائے انٹیلی جنس عباس کامل کو ٹیلی فون کر کے جنگ بندی معاہدے کی تجاویز منظور کرنے سے آگاہ کیا۔

رفح میں فلسطینیوں کا جشن
حماس کی جانب سے جنگ بندی تجاویز قبول کرنے پر رفح میں فلسطینیوں نے جشن منایا۔ رفح کے فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے، لوگ خوشی سے نہال دکھائی دے رہے تھے۔

وہیں حماس کی جانب سے جنگ بندی تجاویز قبول کرنے پر اسرائیلی فوج کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ہم حماس کے ہر جواب اور ردعمل کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں، اس کے ساتھ غزہ میں ہماری کارروائیاں جاری ہیں اور رہیں گی۔ دوسری جانب اسرائیل نے رفح میں زمینی آپریشن شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں قتل عام اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری روکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں