مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے اپنی راجیہ سبھا کی میعاد ختم ہونے سے ایک روز قبل وزیراعظم نریندر مودی کی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا۔ مودی کابینہ میں فی الحال کوئی مسلم نمائندگی نہیں ہے اور نہ ہی کوئی مسلم رکن پارلیمنٹ پارٹی میں ہے۔
مختار عباس نقوی اور آر سی پی سنگھ نے اپنی راجیہ سبھا کی میعاد ختم ہونے سے ایک دن روز قبل مرکزی وزراء کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا۔
اطلاعات کے مطابق مرکزی وزراء نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم نریندر مودی کو پیش کر دیا ہے۔ نقوی اور سنگھ دونوں کی راجیہ سبھا کی میعاد جمعرات کو ختم ہوگی۔ جب نقوی اقلیتی امور کی وزارت کے انچارج تھے، سنگھ مودی 2.0 کابینہ میں فولاد کے وزیر تھے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق گذشتہ روز منعقد ہوئی کابینہ کی میٹنگ کے دوران پی ایم مودی نے نقوی اور سنگھ کی ملک کی ترقی میں ان کے تعاون کی تعریف کی تھی، جبکہ یہ ان کا آخری اجلاس تھا۔ کابینہ کی میٹنگ کے فوراً بعد نقوی نے بی جے پی ہیڈکوارٹر میں بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اگست میں ہونے والے نائب صدر کے انتخابات میں بی جے پی نقوی کو اپنا امیدوار نامزد کر سکتی ہے یا انہیں کسی ریاست کا گورنر بھی نامزد کیا جاسکتا ہے۔