آئرلینڈ، ناروے اور اسپین کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان

(ایجنسیز) آئرلینڈ، ناروے اور اسپین نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اہم یورپی ملک ناروے نے بھی فلسطین کو بطور ریاست باقاعدہ تسلیم کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔ ناروے کے وزیراعظم جوناس گہر سٹور نے کہا ہے کہ اگر فلسطینی ریاست کو تسلیم نہ کیا گیا تو مشرق وسطیٰ میں امن نہیں ہوسکتا اس لیے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ناروے 28 مئی تک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلے۔

وہیں آئرش حکومت بھی آج فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرسکتی ہے۔ آئرلینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ مزید ممالک اس اقدام میں ہمارا ساتھ دیں گے۔ ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے بھی اعلان کیا ہے کہ اسپین 28 مئی کو فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرے گا۔ اسرائیل نے فوری مشاورت کے لیے ناروے اور آئرلینڈ سے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا ہے۔

یورپی یونین کے ممالک آئرلینڈ، اسپین، سلووینیا اور مالٹا نے حالیہ ہفتوں میں اشارہ دیا تھا کہ وہ مشترکہ اعلان میں فلسطین کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

حماس نے یورپی ملکوں آئرلینڈ، اسپین اور ناروے کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ حماس نے کہا ہم ناروے، آئرلینڈ اور اسپین کے فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں