انڈین ٹینس ھسٹار ثانیہ مرزا نے سال کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم ‘ومبلڈن’ کے مکسڈ ڈبل مقابلے کا سیمی فائنل ہارنے کے بعد سوشل میڈیا پر جذباتی پوسٹ میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔
ثانیہ مرزا نے مائیکروبلاگنگ کی ایپ انسٹاگرام پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘کھیل آپ سے بہت کچھ لے لیتے ہیں۔ ذہنی طور پر، جسمانی طور پر اور جذباتی طور پر، جیت اور ہار، گھنٹوں کی محنت اور ہارنے کے بعد بغیر نیند کے کئی راتیں۔ لیکن یہ سب بدلے میں آپ کو بہت کچھ دیتا ہے جو آپ کو کوئی اور نوکری نہیں دے سکتی جس کے لیے میں شکر گزار ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آنسو اور خوشیاں، لڑائی، جدوجہد، تمام چیزوں کا آخرکار پھل مل جاتا ہے۔ اس بار یہ سب ومبلڈن میں نہیں ملنا تھا، لیکن ومبلڈن تم شاندار ہو! پچھلے 20 سالوں میں یہاں کھیلنا اور جیتنا ایک اعزاز ہے۔ تمھاری کمی ہمیشہ محسوس ہوگی، پھر ملیں گے۔’
بدھ کے روز مکسڈ ڈبل ایونٹ کے سیمی فائنل میں ثانیہ مرزا اور انکے کروشیا کے ساتھی کھلاڑی میٹ پیوک کو برطانوی کھلاڑی نیل سکوپسکی اور ان کی امریکی ساتھی کھلاڑی ڈیزیرائے کراؤکز کے ہاتھوں 4-6، 7-5، 6-4 سے شکست ہوئی ہے جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں۔
ثانیہ مرزا کی پوسٹ کے جواب میں انسٹاگرام پر ومبلڈن کے آفیشل اکاؤنٹ نے انھیں ٹیگ کر کے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘یہ عزت ہماری ہے، ہم 2015 میں خواتین کا ڈبل مقابلہ جیتنے والی چیمپیئن کے آخری ومبلڈن کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔’
خیال رہے ثانیہ مرزا نے چھ بار گرینڈ سلیم جیتا ہے جس میں انھوں نے تین بار 2009، 2012، 2014 مکسڈ ڈبل مقابلوں کا فائنل جیتا تھا۔
ثانیہ مرزا ومبلڈن میں مکسڈ ڈبل مقابلوں کا کوئی ایونٹ نہیں جیت سکی ہیں۔