لوک سبھا انتخابات: 543 حلقوں پر ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع

حیدرآباد (دکن فائلز) ملک بھر میں منعقد ہوئے عام انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے عمل کا آغاز آج صبح 8 بجے شروع ہوگیا۔ ملک بھر میں 543 لوک سبھا حلقوں کے لیے منعقد ہوئے انتخابات کا چند گھنٹوں بعد نتیجہ آجائے گا اور عوام کا فیصلہ بی جے پی کے حق میں تھا یا کانگریس کو عوام نے جتایا اس بات کا پتہ چل جائے گا۔ ملک بھر میں ہوئے عام انتخابات کے نتائج پر سب کی توجہ مرکوز ہیں۔

ملک بھر میں 543 پارلیمانی حلقے ہیں جبکہ بی جے پی نے 441 حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیا ہے جبکہ اس کے اتحادیوں نے 99 حلقوں پر مقابلہ کیا ہے۔ کانگریس کی قیادت والے انڈیا اتحاد کی جانب سے، کانگریس نے 312، سماج واد پارٹی نے 64، آر جے ڈی نے 24، سی پی ایم نے 46 سیٹوں پر مقابلہ کیا ہے اس طرح انڈیا اتحاد نے جملہ 513 حلقوں سے مقابلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی اور انڈیا اتحاد میں شامل نہ ہونے والی ترنمول کانگریس نے 47 ، وائی ایس آر کانگریس نے 25، بی آر ایس نے 17، بیجو جنتادل نے 17 حلقوں سے مقابلہ کیا۔ اسی طرح 13 ریاستوں کے 26 اسمبلی حلقوں کیلئے بھی ضمنی انتخابات ہوئے ان کے نتائج بھی آج جاری ہوں گے۔

واضح رہے کہ 19 اپریل سے پولنگ کا آغاز ہوا تھا۔ یکم جون کو اس کا اختتام عمل میں آیا۔ 19 اپریل کو 21 ریاستوں کے 102 لوک سبھا حلقوں میں پہلے مرحلہ میں ووٹ ڈالے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس مرحلہ میں 64 اعشاریہ 14 فیصد پولنگ ہوئی۔ 26 اپریل کو دوسرے مرحلہ میں 13 ریاستوں کے 88 حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے۔ اس مرتبہ 66 اعشاریہ 71 فیصد پولنگ ہوئی۔ 5 مئی کو 11 ریاستوں کے 94 حلقوں میں پولنگ منعقد کی گئی اس مرحلہ میں 65 اعشاریہ 68 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔

چوتھے مرحلہ میں ملک کی 8 ریاستوں کے 96 حلقوں کے علاوہ آندھراپردیش اسمبلی اور تلنگانہ کے کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کیلئے ضمنی انتخابات منعقد ہوئے۔ اس مرحلہ میں آندھراپردیش اسمبلی کیلئے 86 فیصد پولنگ درج کی گئی جبکہ لوک سبھا کیلئے چوتھے مرحلہ میں 69 اعشاریہ 16 فیصد پولنگ درج کی گئی۔ پانچویں مرحلہ میں 8 ریاستوں کے 49 حلقوں کیلئے رائے دہی ہوئی تھی جس میں 62 اعشاریہ 2 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ چھٹویں مرحلہ میں 8 ریاستوں کے 58 حلقوں میں پولنگ ہوئی تھی جس میں 63 اعشاریہ 37 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ آخری اور ساتویں مرحلہ میں 8 ریاستوں کے 57 حلقوں میں پولنگ ہوئی جس میں 60 فیصد سے زیادہ رائے دہی درج کی گئی۔

جن ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہوئے تھے اُن میں اروناچل پردیش اور سکم اسمبلیوں کیلئے رائے شماری مکمل ہوگئی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اروناچل پردیش میں مسلسل تیسری مرتبہ بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوا ہے۔ سکم میں کرانتی کاری مورچہ کو بھاری اکثریت سے کامیابی ملی۔ یہاں 32 کے منجملہ 31 حلقوں پر پارٹی کامیاب رہی۔ عام انتخابات کے نتائج کیلئے آج صبح 8 بجے سے ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوجائے گا۔ سب سے پہلے پوسٹل بیالٹس گنے گئے۔ اس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی گنتی کا آغاز ہوگیا۔ بعض مشینوں کے ووٹوں کا تقابل وی وی پیاٹ مشینوں سے کیاجائے گا اور بعد میں سرکاری طورپر نتائج کا اعلان کیاجائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں