مسلم دشمنی کا بدترین واقعہ: شدت پسند امریکی خاتون نے فلسطینی بچوں کو سوئمنگ پول میں ڈبونے کی کوشش کی (ویڈیو دیکھیں)

(ایجنسیز) ٹیکساس میں فلسطینی نژاد مسلم خاتون کے کمسن بچوں کو سفید فام شدت پسند امریکی خاتون نے سوئمنگ پول میں ڈبونے کی کوشش کی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حجاب میں مسلم خاتون کو دیکھ کر سفید فام خاتون سوئمنگ پول میں کود پڑی اور فلسطینی کمسن بچوں کو ڈبو دیا۔

مذہبی منافرت کا واقعہ فلسطینی خاتون اور اس کے بچوں کے ساتھ پیش آیا جو فی الحال امریکہ میں رہائش پذیر ہیں۔ ایک افریقی مرد نے مسلم امریکی خاتون اور اس کے بچوں کو سفید فام خاتون کے قہر سے بچایا۔ مسلم خاتون کا 6 برس کا بیٹا بچ نکلنے میں کامیاب ہو گیا جبکہ 3 برس کی بچی کو بمشکل بچایا گیا۔

مسلم خاتون نے بچوں کو بچانےکی کوشش کی تو سفید فام امریکی خاتون نے اس کا حجاب نوچ لیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔ مسلم خاتون اور اس کے بچوں کو مارنے کی کوشش کرنے والی سفید فام عورت کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ٹیکساس کے رکن اسمبلی سلمان بھوجانی نے کہا ہے کہ نسل پرستانہ اور اسلاموفوبیا کے اس واقعہ نے دہلا دیا ہے، متاثرہ خاندان کی ہرممکن مدد کےلے تیار ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں