انگلینڈ کے ساؤتھ پورٹ کی مسجد پر حملہ کرنے کی کوشش، سفید فام انتہاپسندوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں (ویڈیو دیکھیں)

(ایجنسیز) انگلینڈ کے ساؤتھ پورٹ کی مسجد کے باہر سفید فام انتہاپسند گروپ کے اراکین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں کے بعد مشتعل اشرار نے مسجد کے باہر کھڑی پولیس وین کو آگ لگا دی۔

پولیس کی جانب سے اشرار کو مسجد کی طرف جانے سے روکنے کے بعد شرپسند عناصر مشتعل ہوگئے اور انتہاپسندوں نے مسجد اور پولیس پر پتھراؤ کردیا۔ جس کے بعد علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ علاقے میں کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے اینٹی رائٹز پولیس کو طلب کرلیا گیا۔

ساؤتھ پورٹ میں مسجد کے باہر پرتشدد مظاہروں پر بیان جاری کرتے ہوئے برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر نے کہا کہ پر امن ویجل کو پرتشدد اور غنڈہ گرد عناصر کی جانب سے ہائی جیک کرنے کی کوشش ساؤتھ پورٹ کی غمزدہ عوام کی توہین کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرتشدد واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کی بھرپور قوت کا سامنا کرنے پڑے گا۔ ساؤتھ پورٹ میں گزشتہ روز چاقو زنی کی واردات میں تین بچیاں ہلاک ہوگئی تھیں، سوشل میڈیا پر فیک پوسٹ گردش کررہی تھی کہ حملہ آور ایک شامی پناہ گزین ہے جس کے بعد دائیں بازو کے انتہا پسند گروپس نے احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں