حیدرآباد (دکن فائلز) الیکشن کمیشن نے اعلان کیاکہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات تین مرحلوں میں کرائے جائیں گے۔ جموں و کشمیر میں 18 ستمبر، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو انتخابات ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے جموں و کشمیر کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں لوگوں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ عوام انتخابی عمل میں حصہ لینا چاہتے ہیں‘۔
جموں و کشمیر میں آخری اسمبلی انتخابات نومبر-دسمبر 2014 میں ہوئے تھے جبکہ تازہ طور پر ستمبر میں ہونے والے انتخابات 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سابقہ ریاست میں پہلے اسمبلی انتخابات ہوں گے۔
جموں و کشمیر اسمبلی کے 90 اسمبلی حلقے ہیں جن میں سے 74 جنرل، ایس سی سات اور ایس ٹی نو ہیں۔ کمیشن کے مطابق جموں و کشمیر میں ووٹروں کی کل تعداد 87.09 لاکھ ہے، جن میں سے 44.46 لاکھ مرد، 42.62 لاکھ خواتین، 3.71 لاکھ پہلی بار ووٹ دینے والے اور 20.7 لاکھ نوجوان ووٹر ہیں۔