آر ایس ایس، بجرنگ دل، وشوا ہندو پریشد دہشت گرد تنظیمیں، ملک میں امن کےلئے خطرہ: مولانا توقیر رضا نے کھری کھری سنادی

حیدرآباد (دکن فائلز) سنت الجماعت کے قدآور رہنما و اتحاد ملت کونسل کے سربراہ مولانا توقیر رضا خان نے کٹر ہندتوا تنظیموں بشمول راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس)، وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) اور بجرنگ دل پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے ان بھگوا تنظیموں پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں ملک میں امن کا دشمن قرار دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق متنازعہ وقف ترمیمی بل 2024 کی مخالفت میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا توقیر رضا نے دعویٰ کیا کہ یہ تینوں تنظیمیں ہندوستان میں امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہیں۔

انہوں نے آر ایس ایس کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت ملک میں امن چاہتی ہے تو اس پر پابندی عائد کردے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’میں کھلے عام یہ کہتا ہوں کہ وشوا ہندو پریشد اور بجرنگ دل بھی دہشت گرد تنظیمیں ہیں اور ان پر بھی پابندی لگنی چاہیے’۔

دراصل آل انڈیا محمدی مشن کے صدر بابر اشرف نے ملک میں وقف املاک کے تحفظ کے لیے ’وقف وارث بچاؤ تحریک‘ کے نام سے ایک مہم شروع کرنے کےلئے یہ اجلاس منعقد کیا تھا۔ اجلاس میں کئی شیعہ اور سنی مذہبی رہنماؤں نے شرکت کی۔ رضا خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وقف ترمیم کے خلاف بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں