حیدرآباد (دکن فائلز) بالی وڈ سپر اسٹار گووند کو اپنے ہی ریوالور سے گولی لگ گئی جس کے بعد انہیں اسپتال داخل کروادیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ منگل کی علی الصبح 5 بجے پیش آیا جب 60 سالہ اداکار گوندا اپنے جوہو والے گھر میں اکیلے تھے۔ اداکار کے مینیجر ششی سنہا نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ہمارا کلکتہ میں ایک شو تھا اور صبح 6 بجے کی فلائٹ تھی، میں ائیرپورٹ پہنچ چکا تھا اور گووندا نکل رہے تھے جب ان سے غلطی سے گولی چل گئی جو ان کی ٹانگ میں لگی۔
ششی سنہا کے مطابق لائسنس یافتہ ریوالور الماری میں رکھنے کے دوران گرگیا اور غلطی سے فائر ہوگیا، یہ خدا کی سے ہے کہ گووندا جی کو صرف ایک ٹانگ پر چوٹ آئی اور ان کا زخم خطرناک نہیں ہے۔ مینیجر نے مزید بتایا کہ اسپتال میں ایک چھوٹے سے آپریشن کے بعد گووندا کی ٹانگ سے گولی نکال لی گئی ہے۔
ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل ہونے کے چند گھنٹے بعد ہی گووندا نے ایک آڈیو کلپ جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے مداحوں کے آشیرواد کا شکریہ ادا کیا۔ آڈیو پیام میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’مداحوں، والدین اور ان کے گرو کے آشیرواد نے انہیں بچایا‘۔ انہوں نے آڈیو کلپ میں کہاکہ ’مجھے گولی لگی تھی، لیکن اسے نکال لیا گیا ہے۔ میں یہاں کے ڈاکٹروں اور آپ کی دعاؤں کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘۔