ڈنمارک کی وکٹوریہ جیر مس یونیورس 2024 بن گئیں

حیدرآباد (دکن فائلز) ڈنمارک کی وکٹوریہ جیر تھیل وِگ نے دنیا کا سب سے بڑا اور معتبر مقابلہ حسن، مس یونیورس 2024 جیت لیا ہے۔ انہوں نے 120 حسیناؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اپنی جیت کے ساتھ وکٹوریہ جیر تھیل وِگ نے ڈنمارک کے لیے تاریخ بھی رقم کردی ہے کیونکہ یہ حسیناؤں کے اس مقابلے کے 73 برسوں میں ملک کی پہلی فتح ہے۔

21 سالہ وکٹوریہ جیر تھیل وِگ 2004 میں سوبورگ، گریبسکوف میں پیدا ہوئیں اور کوپن ہیگن میں پلی بڑھیں، انہوں نے کاروبار اور مارکیٹنگ میں اسپیشلائزیشن کے ساتھ گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد وکٹوریہ نے انٹرپرینیورشپ کی دنیا میں قدم رکھا اور زیورات کی صنعت میں، خاص طور پر ہیروں کی فروخت کے شعبے میں قسمت آزمائی کی، اس کے علاوہ وہ جانوروں کے تحفظ کی علمبردار بھی ہیں۔

وکٹوریہ کو نہ صرف رقص کا جنون ہے بلکہ وہ ایک پیشہ ور ڈانسر اور ڈانس انسٹرکٹر بھی ہیں، وہ سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک ہیں اور فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر ان کے تقریباً 3 لاکھ فالوورز ہیں۔ خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ ذہین وکٹوریہ نے ججز کے سوالات کا بہترین جواب دے کر بھی سب کو متاثر کیا، مقابلے کے آخری راؤنڈ میں ان سے پوچھا گیا کہ ایک مس یونیورس کا سب سے ضروری معیار کیا ہونا چاہیے۔ اس پر انہوں نے کہا کہ مس یونیورس کو ہمدردی اور عمل کی علامت ہونا چاہیے، اسے دنیا کے چیلنجز کو سننا چاہیے اور ٹھوس تبدیلی لانے کے لیے اپنے پلیٹ فارم کا استعمال کرنا چاہیے، بے آوازوں کے لیے آواز اٹھانی چاہیئے چاہے وہ جانور ہوں یا انسان۔

اپنا تبصرہ بھیجیں