حیدرآباد (دکن فائلز) 90 کی دہائی کی مقبول اداکارہ ممتا کلکرنی 24 سال بعد ممبئی واپس آگئیں اور انہوں نے کہا کہ وہ بہت زیادہ جذباتی ہیں۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک سیلفی ویڈیو شیئر کر کے اپنی واپسی کے بارے میں بتایا۔
ویڈیوکلپ میں سابق اداکارہ کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ ‘ہیلو دوستو، میں ممتا کلکرنی ہوں اور میں 25 سال بعد انڈیا کے شہر ممبئی آئی ہوں’۔ میں سال 2000 میں ہندوستان سے باہر چلی گئی تھی’۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں بہت جذباتی ہوں اور مجھے نہیں معلوم کہ اس کا اظہار کیسے کروں، جب میری پرواز یہاں اتری میں دائیں اور بائیں دیکھ رہی تھی اور میں نے اپنے ملک کو 24 سال بعد اوپر سے دیکھا اور میں جذباتی ہوگئی’۔ ممتا کا کہنا تھا کہ ‘میں جذباتی ہوگئی، میری آنکھوں میں آنسو تھے، میں نے ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے باہر اپنا قدم رکھا اور پھر میرے جذبات امڈ آگئے’۔ ممتا نے یہ نہیں بتیا کہ وہ اتنے عرصہ تک کہاں مقیم تھیں اور کیوں واپس آئیں۔
واضح رہے کہ سال 2016 میں پولیس نے ممتا کلکرنی کو منشیات کی اسمگلنگ کے ایک بڑے کیس میں ملزمہ کے طور پر نامزد کیا تھا جس میں 2000 کروڑ روپے کا بین الاقوامی منشیات ریکیٹ شامل تھا۔ تاہم ممتا نے الزامات کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا کہ انہیں قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔ کچھ دنوں قبل بمبئی ہائی کورٹ نے ثبوت کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے ممتا کلکرنی کے خلاف الزامات کو مسترد کر دیا۔