حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد کی کل ہند صنعتی نمائش کو عالمی سطح پر شہرت حاصل ہے جبکہ تلنگانہ بھر سے لوگ خاص طور پر نمائش دیکھنے کےلئے ہر سال حیدرآباد آتے ہیں۔ نامپلی نمائش دیکھنے کے شوقین افراد کو اس بار کچھ انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ ہر سال کی طرح 2025 میں نمائش کا آغاز یکم جنوری سے نہیں ہوگا بلکہ اس میں 2 تا 3 دن کی تاخیر ہوسکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کے انتقال کے بعد سوگ کی وجہ سے نمائش کے افتتاح کی تقریب کو دو دن کےلئے ملتوی کردیا گیا۔ اب 2025 میں منعقد ہونے والی 84ویں کل ہند صنعتی نمائش کا آغاز 3 جنوری سے ہوگا۔ نامپلی ایگزیبیشن گراؤنڈ میں منعقد ہونے والی نمائش کا افتتاح اس بار چہارشنبہ یکم جنوری کے بجائے دو دن بعد یعنیٰ جمعہ 3 جنوری کو عمل میں آئے گا۔ نمائش کا انعقاد 3 جنوری سے 15 فروری تک نامپلی نمائشی میدان میں ہوگا۔ آل انڈیا نمائش سوسائٹی کی جانب سے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق سی ایم ریونت ریڈی نمائش کا افتتاح کریں گے جبکہ وزیر کومت ریڈی وینکٹ ریڈی مہمان خصوصی کی حیثیت سے افتتاحی پروگرام میں شرکت کریں گے۔
شیڈول کے مطابق نمائش 3 جنوری کو شروع ہوگی اور 15 فروری تک جاری رہے گی، تاہم اطلاعات میں بتایا گیا کہ اس میں دو تا تین دن کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔


