حیدرآباد (دکن فائلز) متنازعہ وقف ترمیمی قانون کے خلاف ملک بھر میں زبردست احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ اس متنازعہ قانون کے خلاف حیدرآباد میں 24 مئی کو بڑے پیمانہ پر احتجاج کیا جائے گا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ اور صدر تحریک مسلم شبان مشتاق ملک نے 24 مئی کو ’تلنگانہ مارچ‘ کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 24 مئی بروز ہفتہ کو دوپہر 3 بجے تا شام 6 بجے تک دھرنا چوک اندرا پارک پر تلنگانہ مارچ منظم کیا جائے گا جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوکر وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے۔ مشتاق ملک نے کہا کہ ’تلنگانہ مارچ‘ کو کانگریس، بی آر ایس، مجلس بچاؤ تحریک، سی پی آئی و دیگر سیاسی پارٹیوں کے علاوہ مسلم پرسنل لا بورڈ، جماعت اسلامی، جمیعت العلما ہند، تعمیر ملت، جماعت اہلحدیث، سنی علما بورڈ، سنی علما کونسل و دیگر مذہبی و ملی تنظیموں تائید حاصل ہے۔