حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد سے صرف 30 تا 40 کیلو میٹر دور ناگرجنا ساگر روڈ پر واقع یاچارم میں انسانیت کو شرمسار کرنے والا انتہائی شرمناک واقعہ پیش آیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک ادھیڑ عمر کے درندہ صفت شخص نے 90 سالہ ضعیف خاتون کی عصمت ریزی کی۔ ضعیف خاتون جسمانی کمزوری کی وجہ سے مزاحمت بھی نہیں کرسکی اور نہ ہی چیخ و پکار۔
درندہ صفت شخص عصمت ریزی کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔ یہ انتہائی وحشیانہ واقعہ جمعرات کو رنگاریڈی ضلع میں ابراہیم پٹنم کے قریب یاچارم پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق گھر میں اکیلی رہنے والی معمر خاتون جمعرات کی رات معمول کے مطابق گھر میں سو رہی تھی۔ بزرگ خاتون کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ ایک بیٹا بیرون ملک میں رہتا ہے اور دوسرا بیٹا حیدرآباد میں رہتا ہے۔ ضعیف خاتون کافی عرصے سے گاؤں میں اکیلی رہ رہی ہے۔
جمعرات کی رات ایک شخص گھر میں داخل ہوا۔ انسان کے بھیس میں شیطان شخص نے 90 سالہ ضعیف خاتون کو اپنی حوس کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گیا۔ خاتون صبح تک بیہوش رہی۔ جب نوکرانی گھر آئی تو دیکھا کہ ضعیف خاتون خون آلودہ کپڑوں میں بیہوش ہے۔
اس نے فوری طور پر پڑوسیوں کو بتایا۔ مقامی لوگوں کی اطلاع پر موقع پر پہنچی پولیس نے خاتون کو ہسپتال پہنچایا۔ بعد ازاں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی۔ اے سی پی راجو نے کہا کہ اس معاملے میں مکمل تحقیقات کے بعد ملزم کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔