بالی وڈ انڈسٹری کو خیرباد کہنے والی سابق اداکارہ ثنا خان کا کہنا ہے کہ ٹی وی اور فلموں میں کامیابی کے بعد بھی وہ ذہنی دباؤ کا شکار رہیں، جس کے بعد انہوں نے حجاب پہننے کا ارادہ کیا۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں ثنا خان کی اس ویڈیو کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں انہوں نے مذہب کی طرف آنے پر بات کی ہے۔
ثنا خان کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں جن میں سلمان خان کی ’جے ہو‘ بھی شامل ہے جبکہ وہ بگ باس سکس کا حصہ بھی رہیں۔
2020 میں سابق اداکارہ نے مفتی سید انس سے شادی کی جس کے بعد انہوں نے حجاب پہننا شروع کر دیا تھا۔
ویڈیو میں پہلی بار انہوں نے اس راز سے پردہ اٹھایا ہے کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا۔
ویڈیو میں وہ کالا برقع پہنے ہوئے بات کر رہی ہیں اور ان کے ہاتھوں پر مہندی کا رنگ بھی دکھائی دے رہا ہے۔
وہ کہتی ہیں ’ماضی میں میرے پاس سب کچھ تھا، پیسہ، نام، شہرت، اور میں اپنی مرضی کے مطابق سب کچھ کر سکتی تھی، مگر ایک چیز کی کمی تھی۔‘
ان کے مطابق ’میرے دل کو سکون نہیں مل رہا تھا، میرا حال یہ تھا، میں خوش نہیں تھی، مجھے سخت ذہنی دباؤ سے گزرنا پڑا۔‘
ثنا خان کا کہنا تھا ’یہ وہی دن تھے جب میں نے اللہ کے پیغام کو اس کی علامات میں دیکھنا شروع کیا۔‘
انہوں نے 2019 کو وہ سال قرار دیا جس میں ان کی زندگی یکسر بدل گئی۔
’مجھے ابھی تک یاد ہے، رمضان کے مہینے میں مجھے خواب میں قبر دکھائی دیتی رہی، جس میں آگ ہوتی اور میں خود کو اس قبر میں پاتی۔‘
ثنا خان کا کہنا تھا ’میں نے محسوس کیا کہ اللہ مجھے دکھا رہا ہے کہ اگر میں نے اپنی زندگی کو تبدیل نہیں کیا تو میرا یہی انجام ہو گا۔ اس کے بعد میں بے قرار رہنے لگی۔‘
انہوں نے اپنی زندگی میں آنے والی پہلی تبدیلی کے بارے میں بتایا کہ ’میں نے اسلامی سکالرز کو سننا شروع کیا اور ایک رات میں نے ایک متاثرکن چیز پڑھی۔ پیغام میں کہا گیا تھا کہ ’آپ نہیں چاہتیں کہ آپ کا آخری دن، حجاب پہننے کا پہلا دن ہو۔‘
ویڈیو میں وہ کہتی ہیں کہ ’اس بات نے میرے دل کو چھو لیا۔‘ اس کے ساتھ ہی وہ رونا شروع کر دیتی ہیں۔
وہ کہتی ہیں ’اس کے بعد میں نے پوری زندگی حجاب پہننے کا ارادہ کیا۔‘
ثنا خان کے بقول ’اگلی صبح میری سالگرہ تھی، میں نے سکارف خریدا اور اوڑھ کر خود سے کہا، اب اس کو کبھی نہیں اتاروں گی۔‘
ثنا خان حال ہی میں اپنے شوہر مفتی انس سید کے ہمراہ حج کر کے لوٹی ہیں۔