حیدرآباد (دکن فائلز) اسرائیل کی جانب سے گذشتہ روز دن بھر تہران پر حملوں کے بعد ایران نے آج صبح کی اولین ساعتوں میں پورے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں کی بارش کردی۔ یہ ایران کی جانب سے اب تک کا سب سے بڑا حملہ مانا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے تابڑ توڑ حملوں کے بعد تل ابیب، مقبوضہ بیت المقدس اور حیفہ میں دھماکوں کی خوفناک آوازیں سنی گئیں۔
ایرانی میزائل حملے کے بعد حیفہ پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی اور تازہ حملوں میں کم از کم 8 اسرائیلی ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔ آج صبح ایران نے اسرائیل پر تقریبا 100 میزائل داغے۔ ایرانی میزائل حملے سے اسرائیلی شہریوں میں خوف و دہشت پھیل گئی۔ جگہ جگہ عالیشان عمارتیں ملبہ میں تبدیل ہوچکی تھی۔ کئی مقامات پر غزہ جیسے مناظر دیکھے گئے۔
اسرائیلی صحافی گدیون لیوی نے الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اس خود ان دھماکوں کو سنا اور یہ آوازیں ان کے گھر کے قریب ہی محسوس ہوئیں۔ اس نے بتایا کہ “میں پناہ گاہ میں موجود تھا اور اس بار دھماکوں کی شدت پہلے کی نسبت کہیں زیادہ تھی۔ حملہ واقعی بہت شدید اور خوفناک تھا۔”