حیدرآباد (دکن فائلز) ایران کے تابڑ توڑ حملوں سے حواس باختہ اسرائیلی حکومت نے غزہ میں کی گئی بربریت اور انسانیت کے خلاف جرم کا خود اعتراف کرلیا۔ پیر کو پریس بریفنگ میں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ’اسرائیل نے جو کچھ لبنان، غزہ اور مغربی کنارے میں کیا، ایران میں بھی وہی کرے گا‘۔
انہوں نے اسلامی ملک ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس کے سربراہ سمیت چار اعلیٰ ایرانی انٹیلی جنس اہلکاروں کو ہلاک کیا گیا اور آپریشن اپنی تمام شکلوں میں جاری ہے۔ اسرائیل نے ایران کے ایک تہائی میزائل لانچرز کو تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے تہران کے رہائشیوں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح گزشتہ سال بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں میں منظر پیش آیا تھا ایسا ہی کچھ تہران میں بھی ہو سکتا ہے۔
وہیں اسرائیل کے وزیر دفاع یسرائیل کاتز نے بھی ایران میں مزید حملے کرنے کی دھمکی دی دیتے ہوئے کہا کہ “تہران کے باشندے جلد اس کی قیمت چکائیں گے”۔ اسی دوران ایک اسرائیلی سیکیورٹی عہدیدار نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ “اسرائیلی فوج تہران پر بیروت جیسے حملے کرے گی”۔