حیدرآباد (دکن فائلز) ملک کے مختلف علاقوں میں جمعہ کے موقع پر اسرائیل اور امریکہ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ اس موقع پر غزہ کے مسلمانوں کےلئے خاص دعائیں کی گئیں۔ جمعہ کی نماز کے بعد بلالحاظ مسلک مسلمانوں نے قبلہ اول کی آزادی اور اسرائیل کے ساتھ جنگ میں ایران کی فتح کےلئے دعائیں کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اترپردیش کے لکھنوں میں بڑا امام باڑہ مسجد کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ معروف شیعہ عالم دین مولانا کلب جواد کی قیادت میں کئے گے مظاہرہ کے دوران احتجاجیوں کے ہاتھوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تصویریں تھی۔ اس موقع پر اسرائیل و امریکہ کے خلاف اور ایران کی حمایت میں خوب نعرے بازی کی گئی۔ احتجاجی مظاہرہ میں سینکڑوں مسلمانوں نے شرکت کی۔ احتجاجیوں نے امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو کی تصاویر کے علاوہ اسرائیلی جھنڈوں کو نذر آتش کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق دہلی، حیدرآباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں نماز جمعہ کے موقع پر اسرائیلی بربریت کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا اور غزہ میں پریشان حال مسلمانوں کےلئے دعائیں کی گئیں۔