حیدرآباد (دکن فائلز ؍ ویب ڈیسک) ایران اسرائیل جنگ کے 10 ویں روز صیہونیوں کا دوست امریکہ بھی جنگ میں کود پڑا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ کے 6 بی 2 بمبار طیاروں نے ایرانی نیوکلیئر سائٹس پر حملے کیے۔
امریکی بمبار طیاروں نے حملوں میں 6 بنکر بسٹر بم پھینکے۔ فردو جوہری تنصیبات پر تقریباً 30 ٹن دھماکا خیزمواد گرایا گیا۔ ایرانی جوہری مقامات پر30 ٹاما ہاک میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہم نے ایران میں 3 جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، فردو، نطنز اور اصفہان میں جوہری تنصیبات پرحملے کیے گئے، فردو ایٹمی تنصیب مکمل طور پر تباہ کردی۔
امریکی صدر نے کہا کہ بڑی کامیابی ملی، اسرائیل اب بہت زیادہ محفوظ ہوگیا، اب امن کا وقت ہے، ایران کو اب اس جنگ کو ختم کرنے کے لیے راضی ہونا چاہیے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق تینوں جوہری مقامات کو کچھ دن قبل خالی کرایا گیا تھا، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ کوئی بڑا دھچکا نہیں لگا کیونکہ مواد پہلے ہی نکال لیا گیا تھا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق اب ہمارے لیے جنگ شروع ہو چکی ہے، آپ نے اسے شروع کیا ختم ہم کریں گے،ایران نے امریکی حملے کے باوجود ایٹمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ تہران کی جانب سے جوابی کارروائی کا اعلان کردیا گیا۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام اسرائیل کےلیے خطرہ تھا، امریکہ نے آج کی رات بڑی بہادری دکھائی ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کو مبارکباد دی۔