اسرائیل پر ٹرمپ برہم، ایران پر کسی بھی حال میں بم نہ گرانا کی ہدایت، امریکی صدر کے رویہ میں اچانک تبدیلی سے دنیا حیران

حیدرآباد (دکن فائلز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور ایران، دونوں کو جنگ بندی کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا ہے اور اسرائیل پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے معاہدے پر رضامندی ظاہر کرنے کے فوراً بعد بمباری شروع کر دی۔

انہوں نے اسرائیل کو ہدایت دی کہ وہ اپنے پائلٹس کو واپس بلالے اور کسی بھی حال میں ایران پر بم نہ گرائے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر بمباری کی گئی تو یہ جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ’ایران کی جوہری صلاحیت اب ختم ہو چکی ہے‘۔

امریکی صدر نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر ہرگز بم مت گرانا، اگر ایسا کیا تو یہ جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزی ہوگی، ابھی اپنے پائلٹس کو واپس بلاؤ’۔ امریکی صدر نے کہا کہ ’میں ایران سے بھی خوش نہیں ہوں لیکن اسرائیل سے شدید ناراض ہوں‘۔

واضح رہے کہ دو دن قبل امریکہ نے ایران کی جوہری تنصیبات پر حملہ کردیا تھا، اس کے بعد یہ مانا جارہا تھا کہ جنگ میں شدت آجائے گی، لیکن ایران نے جیسے ہی امریکی حملوں کے جواب میں قطر اور عراق میں واقع امریکی ایئربیس پر مزائیل برسائے، فوری طور پر ٹرمپ نے جنگ بندی کا اعلان کردیا۔ ٹرمپ کے رویہ میں اچانک تبدیلی سے دنیا حیران رہ گئی۔ سوشل میڈیا پر اب بھی کئی صارفین امریکہ اور اسرائیل کی نیت پر سوال اٹھارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں