حیدرآباد: حیدرآباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جیڈی میٹلا میں، ایک نابالغ لڑکی نے اپنے عاشق کے ساتھ ملکر مبینہ طور پر اپنی ماں کا قتل کردیا۔ پولیس ، دسویں جماعت میں زیرتعلیم طالبہ کو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کررہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسٹا گرام پر کچھ روز قبل 16 سالہ نابالغ طالبہ کی دوستی ایک شخص سے ہوئی اور دونوں میں محبت ہوگئی تاہم دونوں نے ساتھ رہنے کا منصوبہ بنایا اور 19 جون کو لڑکی گھر سے بھاگ گئی۔ ماں نے پولیس میں اس کی گمشدگی کی شکایت درج کرائی جس کے بعد پولیس نے 20 جون کو اسے بازیاب کرلیا اور ماں کے حوالہ کردیا۔
اس کے بعد اکثر ماں بیٹی میں بحث و تکرار چل رہی تھی۔ تاہم گذشتہ پیر کی رات نابالغ لڑکی نے اپنے عاشق اور چھوٹے بھائی کی مدد سے ماں کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ عاشق اور طالبہ کا بھائی فرار ہوگئے۔ مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گاندھی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے لڑکی کو حراست میں لے لیا اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔