حیدرآباد (دکن فائلز) سیارہ کی کامیابی کے بعد شہرت پانے والی اداکارہ انیت پڈا پر مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔ سوشل میڈیا پر ان کی ایک پرانی ویڈیو نے طوفان برپا کر دیا ہے۔
یہ تنازعہ ان کی سیریز ‘بگ گرلز ڈونٹ کرائی’ کی شوٹنگ کے دوران کی ایک پرانی ویڈیو سے شروع ہوا۔ اس ویڈیو میں انیت پڈا کو علامہ اقبال کی مشہور اردو نظم ‘لب پہ آتی ہے دعا’ گاتے اور ناچتے دیکھا جا سکتا ہے۔ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ نظم پر جھومتے ہوئے ناچ رہی ہے۔
یہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو گئی، جس کے بعد کچھ صارفین نے ’نعت شریف‘ کی توہین کا الزام عائد کیا اور انیت پڈا پر تنقیدوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ انپر مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے کا لزام عائد کیا گیا۔
وہیں کچھ صارفین نے ا س الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک مشہور نظم ہے، جسے اسکولوں میں صبح کی اسمبلی کے دوران پڑھا جاتا ہے۔ صارفین نے نعت شریف کی بے حرمتی کے الزام کو بھی مسترد کردیا، کیونکہ لب پہ آتی ہے دعا، ایک نظم ہے، یہ نعتیہ کلام نہیں ہے۔
ایک مداح نے وضاحت کی، “وہ نعت شریف کا مذاق نہیں اڑا رہی۔ یہ محمد اقبال کی ‘بچے کی دعا’ ہے، جو ایک شعری دعا ہے۔ یہ زیادہ تر اسکولوں میں پڑھائی جاتی ہے۔” ایک اور صارف نے لوگوں سے پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “غلط فہمی کا شکار نہ ہوں”۔
واضح رہے کہ انیت پڈا نے حال ہی میں اہان پانڈے کے ساتھ ‘سیارہ’ کی کامیابی سے خوب شہرت حاصل کی۔ وہ اپنی فلم کی ریلیز کے بعد سے ہی ہر جگہ زیر بحث ہیں۔ ان کے مداحوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ انیت نے 2022 میں ‘سلام وینکئی’ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا۔ اس کے بعد وہ 2024 کی ایمیزون پرائم سیریز ‘بگ گرلز ڈونٹ کرائی’ میں بھی نظر آئیں۔ وہ انڈسٹری کا ایک ابھرتا ہوا چہرہ ہیں۔