افغانستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ’ڈومیسٹک لیگ میچ کے دوران کابل کے مرکزی کرکٹ سٹیڈیم میں دھماکے کے نتیجے میں چار افراد زخمی ہو گئے۔‘
اطلاعات کے مطابق اے سی بی کے چیف ایگزیکٹیو نصیب خان نے ایک بیان میں بتایا کہ ’شپیزا لیگ میں دو ٹیموں کے درمیان میچ جاری تھا کہ اس دوران ایک دھماکہ ہوا۔ ہجوم میں موجود چار شہری زخمی ہو گئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) کا عملہ اور تمام کھلاڑی اس دھماکے میں محفوظ رہے۔‘
کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کا کہنا ہے کہ ’دھماکہ دستی بم کے ذریعے کیا گیا جس کے بعد کھیل کو چند منٹوں کے لیے روک دیا گیا۔‘
شپیزا کرکٹ لیگ کا رواں سال کا ایڈیشن گذشتہ سال اگست میں طالبان کے کنٹرول سنبھالنے کے بعد اس طرح کا پہلا ٹورنامنٹ ہے۔