اکولا جامع مسجد میں کانگریس رہنما پر چاقو سے حملہ، ہدایت اللہ پٹیل جاں بحق، ملزم عبید خان پٹیل گرفتار

حیدرآباد (دکن فائلز) مہاراشٹر کانگریس کے نائب صدر اور سینئر سیاسی رہنما ہدایت اللہ پٹیل اکولا ضلع میں واقع ایک مسجد میں چاقو حملے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بدھ کی صبح انتقال کر گئے۔ پولیس کے مطابق 66 سالہ ہدایت اللہ پٹیل پر منگل کی دوپہر اُس وقت حملہ کیا گیا جب وہ اکوت تعلقہ کے محلہ گاؤں کی جامع مسجد میں نماز ادا کر کے باہر نکل رہے تھے۔

پولیس نے بتایا کہ حملہ آور نے تیز دھار ہتھیار سے پٹیل کی گردن اور سینے پر وار کیے، جس کے باعث شدید خون بہنے لگا۔ حملے کے فوراً بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ پٹیل خون میں لت پت حالت میں مسجد سے باہر آ رہے ہیں۔ مقامی افراد نے فوری طور پر انہیں اکوت کے ایک نجی اسپتال پہنچایا، جہاں انہیں آئی سی یو میں داخل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود وہ اگلی صبح دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق حملے کی وجہ پرانی دشمنی بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں اور چند ہی گھنٹوں میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت 22 سالہ عبید خان کلو خان عرف رازق خان پٹیل کے طور پر ہوئی ہے، جسے اکوت تعلقہ کے پانج گاؤں سے منگل کی شام گرفتار کیا گیا۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بی چندرکانت ریڈی نے تصدیق کی کہ ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔ واقعہ کے بعد محلہ اور اکوت شہر میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ارچت چندک خود صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید جانچ شروع کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں