رمضان کے دوران مسلمانوں پر حملوں میں اضافہ، رام نومی کے موقع پر تشویش میں شدت: آؤٹ لک رپورٹ

فوٹو : بشکریہ آوٹ لک انڈیا
حیدرآباد (دکن فائلز) معروف جریدہ آوٹ لک انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں ماہِ رمضان 2026 کے دوران مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث ملک بھر میں تشویش کی فضا پیدا ہو گئی ہے، جبکہ رام نومی کے موقع پر مزید کشیدگی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق رمضان کے مقدس مہینہ کے دوران ملک کی مختلف ریاستوں میں مسلمانوں کے خلاف حملے، گرفتاریاں، ہراسانی اور اشتعال انگیز بیانات کے کئی واقعات سامنے آئے۔

آؤٹ لک کے مطابق شمال مشرقی دہلی میں ایک قتل کا واقعہ بھی پیش آیا، جس نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا، جبکہ دیگر علاقوں میں بھی تشدد، دھمکیوں اور نفرت انگیز سرگرمیوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رمضان کے دوران جب مسلمان عبادات، روزہ اور عید کی تیاریوں میں مصروف تھے، اسی وقت مختلف مقامات پر ان کے خلاف حملوں اور دباؤ کے واقعات نے ایک خوف اور عدم تحفظ کا ماحول پیدا کیا۔

مزید برآں، آؤٹ لک نے نشاندہی کی کہ ایسے واقعات ایک وسیع تر رجحان کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جہاں مذہبی مواقع کے دوران کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ خاص طور پر رمضان اور رام نومی کے ایک ساتھ آنے کی وجہ سے حالات مزید حساس ہو گئے ہیں۔

رپورٹ میں اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے کہ مختلف ریاستوں میں نفرت انگیز تقاریر اور اشتعال انگیز نعروں کے واقعات سامنے آئے، جو سماجی ہم آہنگی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے حالات میں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ امن و امان کو یقینی بنائیں اور کسی بھی قسم کے تشدد یا نفرت انگیزی کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کریں۔

آؤٹ لک کی رپورٹ کے مطابق موجودہ صورتحال نہ صرف اقلیتی برادری میں خوف و ہراس پیدا کر رہی ہے بلکہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے مستقبل کے حوالے سے بھی سنجیدہ سوالات اٹھا رہی ہے۔

https://www.outlookindia.com/national/violence-in-ramzananxiety-on-ram-navami-multiple-attacks-on-muslims-during-the-holy-month

اپنا تبصرہ بھیجیں