قرآن پاک کی سورہ العلق کی تلاوت سے ہارورڈ یونیورسٹی کی گریجویشن تقریب کا روحانی آغاز (ویڈیو دیکھیں)

حیدرآباد (دکن فائلز) دنیا کی معروف ہارورڈ یونیورسٹی کی بیکلاوریٹ تقریب میں مسلم طالبہ سہیلہ مختار کی جانب سے قرآن کریم کی تلاوت نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کرلی۔ 26 مئی کو منعقدہ تقریب میں سہیلہ مختار نے سورۂ العلق کی ابتدائی آیات تلاوت کیں، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔

ہارورڈ یونیورسٹی کے تاریخی Tercentenary Theatre میں منعقد ہونے والی یہ تقریب گریجویشن ہفتے کی اہم روایت سمجھی جاتی ہے، جس میں مختلف مذاہب اور ثقافتی روایات کی نمائندگی کی جاتی ہے۔ پروگرام میں قرآن کریم کی آیات عربی زبان میں پیش کی گئیں جبکہ ان کا انگریزی ترجمہ بھی پڑھ کر سنایا گیا۔

سورۂ علق کی ابتدائی آیات نبی کریم ﷺ پر نازل ہونے والی پہلی وحی ہیں، جن کا آغاز لفظ ’’اقرا‘‘ یعنی ’’پڑھو‘‘ سے ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے ایک تعلیمی ادارے کی گریجویشن تقریب میں ان آیات کی تلاوت کو نہایت بامعنی قرار دیا جارہا ہے۔

تقریب کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اسے بین المذاہب احترام، مذہبی تنوع اور علم کی اہمیت کے خوبصورت پیغام سے تعبیر کیا۔ مسلم صارفین نے خوشی ظاہر کی کہ دنیا کی ایک ممتاز یونیورسٹی میں قرآن کریم کی تلاوت کو باقاعدہ تقریب کا حصہ بنایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں