حیدرآباد (دکن فائلز) جنوبی دہلی کے مالویہ نگر علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعہ نے پورے ملک کو غمزدہ کر دیا ہے۔ اس سانحہ میں مجموعی طور پر 21 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں گڑگاؤں کے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد بھی شامل ہیں۔
رپورٹوں کے مطابق متاثرہ خاندان گڑگاؤں کے سیکٹر 46 کا رہائشی تھا اور اپنے بیمار بزرگ کی عیادت کے لیے دہلی آیا ہوا تھا۔ خاندان کے افراد ہوٹل میں قیام پذیر تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں خاندان کے آٹھ افراد زندہ جل گئے۔
مرنے والوں میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ وویک اگروال، ان کی اہلیہ، دو بیٹیاں، والدہ اور دیگر قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔ خاندان کے بزرگ رادھے شیام اگروال اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہونے کے باعث حادثے سے محفوظ رہے، تاہم اب وہ اپنے تقریباً پورے خاندان کو کھو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق آتشزدگی میں 21 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے جبکہ کئی غیر ملکی شہری بھی متاثرین میں شامل ہیں۔ واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔


