مودی حکومت کا ایک اور متنازعہ فیصلہ؟ وندے ماترم کی مخالفت کو کہیں توہین نہ سمجھ لیا جائے، گانے میں رکاوٹ پر 3 سال تک قید کی تجویز

حیدرآباد (دکن فائلز) مرکزی حکومت کی جانب سے وندے ماترم سے متعلق مجوزہ قانون نے ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ مسلمانوں کے ایک طبقہ کی جانب سے آئینی اور مذہبی بنیادوں پر وندے ماترم گانے سے گریز یا اس کی مخالفت کی جاتی رہی ہے۔ ایسے میں خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کہیں اس مخالفت یا کسی مخصوص صورت حال کو “وندے ماترم کی توہین” یا اس کی اجتماعی گائیکی میں رکاوٹ کے زمرے میں نہ شمار کر لیا جائے۔

مرکزی حکومت پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس میں ایک ایسا بل پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے، جس کے تحت وندے ماترم کی توہین، بے حرمتی یا اس کی اجتماعی گائیکی میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالنے پر تین سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اس قانون کا مقصد وندے ماترم، جسے آزادی کی تحریک کی ایک اہم علامت قرار دیا جاتا ہے، کے احترام کو قانونی تحفظ فراہم کرنا ہے۔ مجوزہ بل میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص جان بوجھ کر وندے ماترم گانے سے دوسروں کو روکے، تقریب میں خلل ڈالے یا اس کی توہین کرے تو اس کے خلاف فوجداری کارروائی کی جا سکے گی۔

اس مجوزہ قانون پر مختلف حلقوں میں بحث شروع ہو گئی ہے۔ بعض آئینی ماہرین اور ناقدین کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرتے وقت یہ واضح ہونا چاہیے کہ مذہبی یا آئینی بنیادوں پر کسی شخص کا وندے ماترم نہ گانا یا اس کے بارے میں اختلافی موقف رکھنا، اور جان بوجھ کر توہین یا تقریب میں خلل ڈالنے جیسے افعال، دونوں ایک ہی چیز نہیں ہیں۔ ان کے مطابق ایسے قانون کے نفاذ میں شہری آزادیوں، مذہبی آزادی اور آئینی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ ماضی میں بھی بعض مسلم تنظیمیں اور علماء یہ مؤقف اختیار کرتے رہے ہیں کہ وہ آئین اور قانون کا احترام کرتے ہیں، تاہم مذہبی عقیدے کی بنیاد پر وندے ماترم گانے سے گریز کرتے ہیں۔ دوسری جانب حکومت کا کہنا ہے کہ مجوزہ قانون کا مقصد قومی علامت کے احترام کو یقینی بنانا ہے، نہ کہ کسی مخصوص مذہبی طبقے کو نشانہ بنانا۔

اگر یہ بل پارلیمنٹ سے منظور ہو جاتا ہے تو وندے ماترم کی مبینہ توہین یا اس کی اجتماعی گائیکی میں رکاوٹ ڈالنے سے متعلق معاملات میں باقاعدہ فوجداری مقدمات درج کیے جا سکیں گے، جبکہ اس قانون کی تشریح اور اطلاق پر آئندہ دنوں میں مزید بحث متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں