حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کو لے کر دہلی سے حیدرآباد آنے والی انڈیگو کی پرواز خراب موسم کے باعث بدھ کی شب راجیو گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر فوری لینڈنگ نہ کر سکی اور تقریباً 20 منٹ تک فضا میں چکر لگانے کے بعد بحفاظت اتار دی گئی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق انڈیگو کی پرواز 6E717 میں وزیر اعلیٰ سمیت 229 مسافر سوار تھے۔ طیارہ لینڈنگ کے قریب پہنچ چکا تھا، تاہم موسم کی خرابی کے باعث ایئر ٹریفک کنٹرول سے اجازت نہ ملنے پر پائلٹ نے لینڈنگ منسوخ کرتے ہوئے طیارے کو دوبارہ بلند کر لیا۔
تقریباً 20 منٹ بعد موسم بہتر ہونے اور اجازت ملنے پر طیارہ رات تقریباً 8:35 بجے بحفاظت حیدرآباد ایئرپورٹ پر اتر گیا۔ واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق ریونت ریڈی تین روزہ دورۂ دہلی مکمل کرکے واپس لوٹ رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے کانگریس کی تنظیمی جائزہ میٹنگ میں شرکت کی، جہاں پارٹی کو مضبوط بنانے، حکومت اور تنظیم کے درمیان بہتر رابطہ، تربیتی پروگراموں اور جاری مہمات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


