بلقیس بانو کیس: درندہ صفت مجرمین کی رہائی کے معاملہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا، جمعیۃ علماء ہند کا اعلان

بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی کیس کے درندہ صفت مجرمین کی رہائی معاملہ میں جہاں ایک طرف سیکولر ذہن رکھنے والے افراد کی جانب سے زبردست احتجاج کیا جارہا ہے وہیں ملک کی دینی، ملی و سیاسی جماعتوں کے علاوہ مسلم رہنماؤں کی جانب سے اختیار کی گئی چپی سے ملت اسلامیہ کو گہرا صدمہ ہوا تھا تاہم اس مسئلہ پر جمعیۃ علماء ہند نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

جمعیۃ علماء ہند قانونی امداد کمیٹی کے جنرل سکریٹری گلزار اعظمی کے مطابق، جمعیۃ علماء ہند 16 اگست سے ہی اس مسئلہ پر تیاری کررہی تھی جبکہ صدر محترم مولانا سید ارشد مدنی کے حکم کے مطابق اس معاملہ میں قانونی چارہ جوئی سے قبل کیس کو اچھی طرح سمجھنے کوشش اور قانونی مشاورت کی جارہی تھی تاہم میڈیا کو ہماری پیشرفت سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ 16 اگست کو ہی سپریم کورٹ کے سینئر وکیل نتیہ راما کرشنن سے اس معاملہ میں صلاح و مشورہ کیا گیا اور گجرات حکومت کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے سے متعلق معاملہ کی قانونی نوعیت پر غور کیا گیا۔ ایڈوکیٹ نتیہ راما کرشنن نے اس معاملہ میں پوری تیاری کے ساتھ عدالت سے رجوع ہونے کا عزم کیا ہے۔

گلزار اعظمی نے بتایا کہ اس معاملہ میں جمعیۃ علماء ہند براہ راست سپریم کورٹ سے رجوع نہیں ہوسکتی بلکہ اس معاملہ میں بلقیس بانو کی جانب سے ہی رٹ پٹیشن داخل کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ گجرات جمعیۃ علماء کے ذمہ داروں سے اس مسئلہ پر بات کی گئی تاہم وہ بلقیس بانو سے رابطے میں ہیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق فی الحال بلقیس بانو انتہائی صدمہ کی حالت میں ہیں، اس لیے انہوں نے ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا ہے۔ بلقیس بانو کو اس معاملہ میں بہتر رہنمائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ صدر مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسدالدین اویسی نے بلقیس بانو اجتماعی عصمت ریزی کے مجرمین کی رہائی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کی۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کے وزیر کے ٹی راما راؤ، رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کے علاوہ دیگر سیکولر رہنماؤں نے عصمت دری جیسا گھناؤنا جرم کرنے والے مجرمین کی رہائی کی مخالفت کرتے ہوئے بی جے پی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور فوری طور پر فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
—-

Please Visit Website: www.deccanfiles.com
Please Like Facebook Page: www.facebook.com/deccanfiles
Please Subscribe Our Channel: https://www.youtube.com/channel/UCLjY…
Join Our Whatsapp Group: https://chat.whatsapp.com/FpjNXEYZ8YJ…

اپنا تبصرہ بھیجیں