حیدرآباد (دکن فائلز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے خصوصی جامع نظرثانی کے بعد اتر پردیش کی مسودہ ووٹر فہرست جاری کر دی ہے، جس میں 2.89 کروڑ ووٹروں کے نام حذف کیے گئے ہیں۔ ان میں 46 لاکھ سے زائد افراد کا انتقال ہو چکا ہے، جبکہ 2.17 کروڑ مستقل طور پر نقل مکانی کر چکے ہیں۔ اترپردیش میں تقریباً 3 کروڑ ووٹروں کے نام حذف کرنے کے بعد متنازعہ ایس آئی آر پر سوالوں میں شدت آگئی اور اس عمل پر کی جانے والی تنقیدوں میں اضافہ ہوگیا۔
چیف الیکٹورل آفیسر نویدیپ رنوا کے مطابق متعدد رجسٹریشن اور دیگر وجوہات کی بنیاد پر یہ حذفیاں کی گئیں۔ ریاست میں اب کل ووٹروں کی تعداد 12.56 کروڑ رہ گئی ہے، جو اکتوبر 2025 میں 15.44 کروڑ تھی۔
سب سے زیادہ ووٹر لکھنؤ میں کم ہوئے، جہاں تعداد میں تقریباً 30 فیصد کمی آئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ای سی آئی نیٹ ایپ یا ویب سائٹ کے ذریعے اپنے نام کی جانچ کریں۔ حتمی فہرست 6 مارچ کو جاری کی جائے گی۔


