ڈونلڈ ٹرمپ ’امریکی ریاست کی بنیادوں‘ کے لیے خطرہ ہیں: صدر بائیڈن

امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حامیوں کو ’شدت پسند‘ قرار دیتے ہوئے سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
صدر جو بائیڈن نے کہا کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اُن کے حامیوں نے ’ہماری ریاست کی بنیادوں‘ کو خطرے میں ڈالا۔
امریکی صدر نے قوم سے خطاب میں کہا کہ ’ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے ری پبلکن حامی شدت پسند ہیں جو ہماری ریاست کی بنیادوں کے لیے خطرے کا باعث ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں سے ’مساوات اور جمہوریت کو خطرہ ہے۔ ہم اگر اس بات کو نہیں سمجھتے تو اپنا نقصان کریں گے۔‘
امریکی جمہوریت کا گہوارہ سمجھی جانے والی ریاست فلاڈیلفیا میں خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن نے اُن ریپبلکنز پر ایک غیرمعمولی لفظی حملہ کیا جو ٹرمپ کے ’امریکہ کو دوبارہ عظیم بنائیں‘ کے نظریے کو اپناتے ہیں۔ امریکی صدر نے اپنے حامیوں پر زور دیا کہ وہ جوابی وار کریں۔
جو بائیڈن نے ٹرمپ اور اُن کے حامیوں کے بارے میں کہا کہ ’وہ غصے کو گلے لگاتے ہیں۔ وہ افراتفری میں پروان چڑھتے ہیں۔ وہ سچ کی روشنی میں نہیں بلکہ جھوٹ کے سائے میں رہتے ہیں۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں